نئی دہلی،15اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اوپنر کے ایل راہل نے حال ہی میں جاری کی گئی آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں اپنے کیریئر کی سب سے بہتر درجہ بندی حاصل کی ہے۔ راہل کا سری لنکا کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی رہی۔ بتا دیں کہ پلیکل ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا نے سری لنکا پر اننگز اور 171 رنز کی جیت درج کرکے پہلی بار غیر ملکی سرزمین پر سیریز 3-0 سے اپنے نام کی ہے۔پلیکیل ٹیسٹ میں 85 رنز کی اننگز کھیلنے والے کے ایل راہل کو دو پائیدانوں کا فائدہ ہوا ہے اور وہ آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں نویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا کے چار بلے باز موجودہ آئی سی سی بلے بازوں کی درجہ بندی میں ٹاپ10 میں شامل ہے بشمول چتیشور پجارا (4)، وراٹ کوہلی (5)، کے ایل راہل (9) اور اجنکیا رہانے (10)۔
پللیکیل ٹیسٹ میں آل راؤنڈر ہاردک پنڈیا کے 96 گیندوں میں 108 رنز کی بدولت انہیں 45 پائیدانوں کا فائدہ ہوا اور وہ بلے بازوں کے درمیان 68 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔یہ ان کے کیریئر کی سب سے بہترین رینکنگ ہے۔ وہیں فاسٹ بولر محمد سمیع کو ایک مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ 19 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ فاسٹ بالر امیش یادو کو بھی ایک مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ کیریئر کی سب سے بہترین رینکنگ 21 نمبرتک پہنچ گئے ہیں۔
آل راؤنڈر کی درجہ بندی میں رویندر جڈیجہ نمبر 1 مقام سے ہٹ گئے ہیں اور شکیب الحسن ایک بار پھر نمبر ایک مقام پر قابض ہو گئے ہیں۔ غور طلب ہے کہ جڈیجہ معطلی کی وجہ سے پللیکل ٹیسٹ نہیں کھیلے تھے، جس کی وجہ سے جڈیجہ شکیب الحسن سے ایک پوائنٹس پیچھے ہو گئے ہیں، لیکن بولنگ رینکنگ میں جڈیجہ اب بھی نمبر 1 بنے ہوئے ہیں۔
ٹیم رینکنگ کی بات کریں تو ٹیم انڈیا پہلے نمبر پر تو سری لنکا ساتویں نمبر پر برقرار ہے۔ ٹیم انڈیا کو 2 درجہ بندی پوائنٹس کا فائدہ ہوا ہے اور اس کے کل 125 ریٹنگ پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ اس طرح دوسرے نمبر پر قابض جنوبی افریقہ (110 ریٹنگ پوائنٹ) سے ہندوستان کی برتری 15 پوائنٹس کی ہو گئی ہے۔ اسی درمیان انگلینڈ اگلے چند دنوں میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی، اسے اگراپنا نمبر 3 مقام برقرار رکھنا ہے تو ویسٹ انڈیز کو ہرانا ہوگا۔